محکمہ ان لینڈ ریونیو بھمبر کی بڑی کارروائی: کروڑوں روپے مالیت کے غیر قانونی سگریٹس برآمد، اسمگلنگ کی کوشش ناکام

92046 محکمہ اطلاعات بھمبر
10 مارچ 2025
بھمبر(پی آئی ڈی)
ترجمان انلینڈکےمطابق
محکمہ ان لینڈساؤتھ زون کے ایکسائز سرکل بھمبر کی تگڑی کارروائی۔وطن تمباکو کمپنی برنالہ بھمبر کے کروڑوں کی مالیت کے غیر قانونی سگریٹ پکڑے گئے۔محکمہ ان لینڈ ریوینیو کے عملہ نے فیکٹری انتظامیہ کی جانب سے پرائیویٹ گاڑی میں غیر قانونی طور پر سگریٹ سمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ فیکٹری انتظامیہ تیار مال کو بدوں ادائیگی فیڈرل اکسائزڈیوٹی و سیلز ٹیکس بھمبر سے باہر سمگل کرنا چاہتی تھی۔ محکمہ ان لینڈر یوینیو کی جانب سے فیکٹری ایریا کا تفصیلی سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔فیکٹری کے عقب میں واقع خفیہ گودام سے کروڑوں مالیت کے غیر قانونی سگریٹ برآمد کر لیے گئے۔ محکمہ ان لینڈ ریوینیو بھمبر نے تمام مال قبضے میں لیکر تحت ضابطہ کارروائی شروع کر دی۔ ترجمان ان لینڈ ریوینیو کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی پریس ریلیز کے مطابق آج مورخہ 10مارچ 2025ء کو محکمہ ان لینڈ ریوینیو کے ڈپٹی کمشنر، بھمبر محمد تنویر خالد کو باوثوق ذرائع سے اطلا ع ملی کہ وطن تمباکو کمپنی پرائیویٹ گاڑیوں میں غیر قانونی طور پر سگریٹ سمگل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جس پر ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریوینیو، بھمبر نے فوری طور پر فیلڈ عملے کو متحرک کیا اورخود ریکی کرتے ہوئے ٹول و اکسائز چیک پوسٹ برنالہ پہنچ گئے۔ بوقت دن 12:15بجے پرائیویٹ گاڑ ی ٹویو ٹا کرولا کار برنگ سفیدپنجاب رجسٹریشن نمبر LED-6378A-18، جس پر فیکٹری مالکان سوار تھے، کو مشکوک جانتے ہوئے محکمہ ان لینڈ ریوینیو کے فیلڈ سٹاف نے روکا، جس پر گاڑی کو روکنے کی بجائے کار سوار واپس بھگا کرلے گئے جس پر ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریوینیو اور فیلڈ سٹاف کی طر ف سے گاڑی کا پیچھا کیا گیا جو واپس فیکٹری ایریا میں داخل ہو گئی۔ موقع پر گاڑی کی تلاشی لی گئی جس کے نتیجے میں گاڑی کی ڈگی سے 400ڈنڈے(80000) سگریٹ گولڈ مارک برانڈ20HL کے برآمد ہوئے، جن کو غیر قانونی طور پر پرائیویٹ گاڑی پربدوں ادائیگی ڈیوٹی و سیلز ٹیکس سمگل کیا جانا تھا۔ ترجمان کے مطابق اس تعداد پر مبلغ404,000/-روپے فیڈرل اکسائز ڈیوٹی عائد ہوتی ہے جبکہ سیلز ٹیکس مبلغ 78000/-روپے بنتا ہے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریوینیو اور محکمانہ عملہ نے پوری فیکٹری ایریا کا تفصیلی سرچ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں فیکٹری کے عقب میں واقع خفیہ گودام ٹریس ہوا جس میں گولڈ مارک برانڈ اور دیگر برانڈز پر مشتمل ہزار ہا جعلی سگریٹ پائے گئے جن کی تعداد 100کارٹن سے بھی زائد پر مشتمل ہے۔ جن کو غیر قانونی طور پر اور بدوں ادائیگی ڈیوٹی و مروجہ ٹیکسز ضلع بھمبر سے باہر سمگل کیا جانا تھا، لیکن محکمہ ان لینڈ ریونیو کی جامع اور موثر حکمت عملی کی بدولت اور فیلڈ سٹاف کی ہمہ وقت نگرانی کے باعث اس مذموم کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔محکمانہ عملہ ضبط شدہ تمام مال کی انوینٹریز تیار کر رہا ہے اور ایک اندازے کے مطابق ضبط شدہ سگریٹس کی مالیت کروڑوں روپے ہے اور ان پر لاگو ٹیکسز /ڈیوٹی وغیرہ بھی لاکھوں روپے میں بنتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریوینیو، بھمبر نے تمام مال اور اس غیر قانونی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑی کو قبضے میں لیکر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ محکمہ ان لینڈ ریونیو کے کمشنر سید انصر علی نے بھمبر سرکل کی اس تگڑی کارروائی پر سٹاف کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ ایسے قانون شکن عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے، ٹیکس کی وصولی کو یقینی بنایا جائے اور ان کی حرکات و سکنات پر کڑی نظر رکھتے ہوئے مالیہ سرکار کو محفوظ کیا جائے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *