چڑھوئی (10 مارچ 2025) – صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر، چوہدری محمد یٰسین نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کے تحفظات کو صرف اقتصادی بحالی کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا۔ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اسے ناکامی ہوگی۔ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو کشمیری عوام نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر سے متعلق اشتعال انگیز بیانات میں اضافہ افسوسناک ہے، اور اس کا مقصد خطے میں کشیدگی کو ہوا دینا ہے۔
چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ بھارت کی حکمران جماعت انتخابی فائدے کے لیے انتہا پسند قوم پرستی اور نفرت انگیز بیانات کا سہارا لیتی ہے، جو علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرناک ہے۔ دوسری جانب، پاکستان ہمیشہ سے خطے میں امن کے قیام کے لیے پرعزم رہا ہے، لیکن ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور سلامتی کا بھرپور دفاع کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے اپنے حالیہ بیان میں آزاد کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ “چوری شدہ علاقے” کی واپسی کے بعد حل ہو جائے گا۔ چوہدری محمد یٰسین نے اس بے بنیاد دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پوری کشمیری قوم بھارت کے اس غیر حقیقت پسندانہ مؤقف کو مسترد کرتی ہے۔